ایک ماں بچے کو دودھ پلا رہی ہے اور دودھ کو بڑھانے کا طریقہ جاننا چاہتی ہے

ماں کا دودھ بڑھانے کا طریقہ – بچے کا پیٹ بھرے ہر بار

کیا آپ بھی ماں بن چکی ہیں اور آپ کی چھاتیوں میں دودھ کم ہے؟ اور کیا ہر بار دودھ پینے کے بعد آپ کے بچے کا پیٹ نہیں بھرتا؟ ماؤں کے لیے یہ صورت حال کافی تکلیف دہ ہوتی ہے کہ ان کا بچہ بھوک کی وجہ سے روئے۔ اس لیے آج ہم ماں کا دودھ بڑھانے کا طریقہ بیان کرنے لگے ہیں۔

بہت ساری ایسی چیزیں ہیں جن پر عمل کر کے ایک عورت آسانی کے ساتھ اپنے دودھ میں اضافہ کر سکتی ہے۔ ان چیزوں میں بچے کو وقفے وقفے سے دودھ پلانا اور خوراک میں تبدیلی لانا بھی شامل ہے۔ آپ کو اس وجہ سے بریسٹ فیڈنگ چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہے کہ آپ کی چھاتیوں میں دودھ کم ہے۔

اب ہم ماں کے دودھ کو بڑھانے کے نسخے پر بات کرتے ہیں کہ کس طرح آپ دودھ کی پیداوار کو بڑھا سکتی ہیں۔ بحثیت ماں یہ آپ اپنی ذمہ داری بھی پوری کر لیں گی اور آپ کا بچہ بھی صحت مند رہے گا۔

ماں کا دودھ بڑھانے کا مؤثر طریقہ

ماں کا دودھ بڑھانے کے ان نسخوں پر عمل کریں اور اپنے بچے کو صحت مند بنائیں۔

متوازن غذا کا استعمال

جس طرح حاملہ عورت کی خوراک ہوتی ہے، بالکل ویسے ہی دودھ پلانے والی ماں کی غذا بھی ہوتی ہے۔ جب آپ دودھ پلا رہی ہوتی ہیں تو آپ کو تین سو سے پانچ سو زیادہ کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ کو پہلے پندرہ سو کیلوریز کی ضرورت ہوتی تھی۔ تو دودھ پلانے کی صورت میں دو ہزار کیلوریز چاہیے ہوں گی۔

اس لیے طبی ماہرین یہ مشورہ دیتے ہیں کہ کیلوریز پوری کرنے کے لیے متوازن غذائیں استعمال کرنا چاہئیں۔ کوشش کیجیے کہ وہ غذائیں خوراک میں شامل ہوں جو نیوٹرنٹس اور وٹامنز سے بھرپور ہوں۔ یہ وٹامنز نہ صرف آپ کو صحت مند رکھیں گے بلکہ دودھ کے ذریعے بچے کو بھی صحت مند بنائیں گے۔

اس لیے کوشش کیجیے کہ آپ کی غذا میں دہی، عناب، بہی، پھل، خشک میوہ جات، اور گرین ٹی شامل ہو۔ گرین ٹی کے فوائد سے تو آپ واقف ہوں گے کیسے یہ آپ کی صحت کو بہتر بناتی ہے۔

دودھ زیادہ مرتبہ پلائیں

بچے کو وقفے وقفے سے دودھ پلانے سے بھی دودھ کی مقدار میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جب آپ کا بچہ چھاتیوں سے دودھ پیتا ہے تو بریسٹ میں ایک ہارمون پیدا ہوتا ہے۔ یہ ہارمون دودھ پیدا کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

اگر آپ بچے کو وقفے وقفے سے دودھ پلائیں تو یہ ہارمون زیادہ پیدا ہو گا۔ جس سے پھر دودھ بھی زیادہ بنے گا۔ نئی نئی ماں بننے والی خواتین کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دن میں آٹھ سے بارہ مرتبہ دودھ پلائیں۔ اتنی مرتبہ دودھ پلانا مفید ہو گا۔ تاہم اگر آپ اس سے کم مرتبہ بھی دودھ پلاتی ہیں تو پریشان کی کوئی بات نہیں ہے۔

چھاتیوں کو خالی کریں

جب آپ کا بچہ دودھ پیتا ہے تو چھاتیوں میں کچھ دودھ بچ جاتا ہے۔ آپ کو چاہیے کہ ہر بریسٹ فیڈنگ کے بعد آپ کی چھاتیاں مکمل طور پر خالی ہو جائیں۔

چھاتیوں کو خالی کرنے کے لیے آپ ہاتھوں کا استعمال بھی کر سکتی ہیں۔ جب کہ اس مقصد کے لیے پمپ بھی ملتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا کہ چھاتیوں کو مکمل طور پر خالی کرنے کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟ کیوں کہ جب بریسٹ خالی ہو جائے تو دودھ زیادہ بنے گا۔

مزید جانیں: وزن بڑھانے والی غذائیں

اپنی صحت کا خیال رکھیں

اگر آپ اپنی صحت کا خیال نہیں رکھ رہیں تو کسی بھی صورت میں آپ کے دودھ میں اضافہ نہیں ہو گا۔ آپ کے بچے کی صحت اور آپ کی صحت آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ اس لیے آپ کو چاہیے دن میں خوب آرام کریں۔ پانی بھی زیادہ مقدار میں استعمال کریں۔

جسم کو ہائڈریٹ رکھنے سے بھی دودھ کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس لیے آپ کو چاہیے کہ ہر وقت اپنے ساتھ ایک پانی بوتل رکھیں۔ وہ غذائیں بھی استعمال کریں جن میں پانی زیادہ مقدار میں ہوتا ہے، جیسا کہ کھیرا اور تربوز۔

دونوں چھاتیوں سے دودھ پلانا

دونوں چھاتیوں سے دودھ پلانے کو بھی ماں کا دودھ بڑھانے کا نسخہ سمجھا جاتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق دونوں چھاتیوں سے دودھ پلانا زیادہ مفید ہوتا ہے۔ آپ نے یہ نہیں کرنا کہ ایک بار دائیں چھاتی سے دودھ پلانا ہے اور دوسری بار بائیں سے۔

بریسٹ کی دونوں جانب سے دودھ پلانے سے نہ صرف دودھ میں اضافہ ہو گا۔ بلکہ دودھ میں فیٹ کی مقدار بھی بڑھ جائے گی۔ اس لیے آپ نے ہر صورت اپنے بچے کو دونوں چھاتیوں سے دودھ پلانا ہے۔

میتھی دانہ، لہسن، اور پیاز کا استعمال

ماں کا دودھ نہ آنا ایک عام مسئلہ ہے۔ لیکن اس میں میتھی دانہ، لہسن، اور پیاز کی مدد سے اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ میتھی دانہ کے استعمال سے آپ کا دودھ تیزی سے بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔

طبی ماہرین یہ کہتے ہیں کہ یہ تینوں چیزیں استعمال کرنے سے آپ کے دودھ کا ذائقہ تبدیل ہو جاتا ہے۔ پھر بچہ دودھ کو شوق سے پینا شروع کر دیتا ہے۔ جس سے چھاتیاں ہر مرتبہ خالی ہو جاتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں پھر آپ کا دودھ بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔

چھاتیوں کا مساج

چھاتیوں کے مساج کو بھی ماں کا دودھ بڑھانے کا نسخہ سمجھا جاتا ہے۔ ہر بار بچے کو دودھ پلانے سے پہلے آپ اپنی چھاتیوں کو مساج کر سکتی ہیں۔ سینے سے لے کر نپلز تک آپ کو مساج کرنا ہو گا۔

جب بچہ تھوڑی دیر دودھ پی لے تو پھر مساج کریں۔ مساج کے بعد پھر بچے کو دودھ پلائیں۔ ہر بار دودھ پلاتے وقت اسی طریقے پر عمل کریں۔ اس سے آپ کی چھاتیوں میں دودھ زیادہ بنے گا۔

الکوحل کا مکمل خاتمہ

اگر آپ ماں چکی ہیں تو آپ کو الکوحل کا استعمال مکمل طور پر ترک کرنا ہو گا۔ عام طور پر یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ الکوحل کے استعمال سے دودھ کی مقدار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ لیکن یہ حقیقت نہیں ہے۔

اس کے برعکس ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ الکوحل استعمال کرنے والی خواتین کو دودھ خارج کرنے میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ یہ مشروب استعمال کرنے سے دودھ کی مقدار بھی کم ہو جاتی ہے۔

کچھ آخری الفاظ

ماں کا دودھ بڑھانے کا طریقہ آپ اس بلاگ کی مدد سے جان سکتی ہیں۔ ان نسخوں پر عمل کر کے آپ آسانی کے ساتھ اپنے دودھ میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ یہ طریقے آپ اور آپ کے بچے کو صحت مند رکھیں گے۔ ایسے مزید بلاگز کے لیے ایور ہیلدی سے جڑے رہیں۔

About the author

Saeed Iqbal

Saeed Iqbal is a content conqueror who loves to pen down his thoughts, enabling the masses to live a healthy and balanced life.

View all posts