کیا آپ بھی شیاٹیکا کا شکا ہو چکے ہیں؟ اور اس درد سے نجات پانا چاہتے ہیں؟ آپ کے لیے ہمارے پاس اچھی خبر یہ ہے کہ شیاٹیکا کا علاج بہت آسان ہے۔ بلکہ کئی کیسز میں تو یہ درد خود بخود ختم ہو جاتا ہے۔ تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ کو اس کی طرف توجہ نہیں دینی چاہیے۔
اس کے علاج پر بات کرنے سے پہلے ہمیں یہ جاننا ہو گا کہ شیاٹیکا کسے کہتے ہیں۔ کیوں کہ بہت سارے لوگ یہ سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ شیاٹیکا کیا ہے؟
شیاٹیکا بنیادی طور پر اعصابی درد کو کہا جاتا ہے۔ شیاٹیکا کے اعصاب آپ کے کولہوں سے شروع ہوتے ہیں اور ٹانگوں میں آتے ہیں۔ جب یہ اعصاب سوزش کا شکار ہوتے ہیں یا پھر یہ سکڑ جاتے ہیں تو پھر آپ کو شیاٹیکا کے درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شیاٹیکا کو ابتدائی سطح پر ہی کنٹرول کرنا فائدہ مند ہوتا ہے۔ کیوں کہ اس کے شدت اختیار کرنے کی صورت میں پھر سرجری کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔ اس بلاگ میں ہم آپ کو شیاٹیکا کا دیسی علاج یعنی ورزش وغیرہ بھی بتائیں گے جن کی مدد سے آپ اس چھٹکارا پا سکیں گے۔
شیاٹیکا کی وجوہات
شیاٹیکا کی وجوہات کافی زیادہ ہو سکتی ہیں۔ اور یہ وجوہات ہر شخص میں مختلف ہوتی ہیں۔ ایسی کوئی بھی بیماری جو شیاٹیکا اعصاب پر اثر انداز ہوتی ہے، اس درد کی وجہ بن سکتی ہے۔
یہ بات آپ کو معلوم ہو گی کہ ریڑھ کی ہڈی کے پانچ اعصاب مل کر شیاٹیکا اعصاب کو بناتے ہیں۔ ریڑھ کی ہڈی کے ان اعصاب میں سے کسی کو بھی اگر مسئلہ لاحق ہو جائے تو پھر شیاٹیکا پین کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ہرنیا کی ڈسک کے مسائل، ریڑھ کی ہڈی کی بیماریاں، آرتھرائٹس، چوٹ، اور حمل کچھ ایسی وجوہات ہیں جن کی بنا پر شیاٹیکا پین کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ آپ کو ایک طرح سے ان وجوہات کو یاد رکھنا ہو گا۔کیوں کہ اگر شیاٹیکا درد کی وجوہات کا پتہ چلا لیا جائے تو اس پر قابو پانا آسان ہو جاتا ہے۔
شیاٹیکا کا خطرہ
شیاٹیکا کا خطرہ ان لوگوں میں بڑھ جاتا ہے جو موٹاپے کا شکار ہو چکے ہوں۔ اس کے علاوہ وہ لوگ بھی اس کا سامنا کر سکتے ہیں جن کو ماضی میں چوٹ لگ چکی ہو۔ جب کہ کئی بار آپ آفس میں کرسی پر گھنٹوں ایک ہی پوزیشن میں بیٹھے رہنے کی وجہ سے اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔
سگریٹ نوشی کے نقصانات سے آپ آگاہ ہوں گے، یہ بھی شیاٹیکا کے خطرات کو بڑھا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ورزش نہ کرنے کی عادت اور ذیابیطس بھی اس بیماری کا آپ میں خطرہ بڑھا دیں گی۔
اس کی وجوہات اور خطرات تو ہم نے جان لیے ہیں اب ہم اس کے علامات پر بات کر لیتے ہیں۔
شیاٹیکا کی علامات
شیاٹیکا کی وجہ سے مریضوں کو بہت سی علامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ زیادہ تر لوگوں کو شیاٹیکا پین لاحق ہوتی ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس بیماری کی دیگر علامات نہیں ہو سکتیں۔
جو لوگ اس کا شکار ہوتے ہیں وہ بتاتے ہیں کہ اس کی وجہ سے جلن والے درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اور انہیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کسی نے انہیں الیکٹرک شاک لگا دیا ہو۔ یہ درد آپ کو ایک یا دونوں ٹانگوں میں محسوس ہو سکتا ہے۔ کھانسی، چھینکنے، یا ٹانگیں اٹھانے کی وجہ سے یہ درد شدت اختیار کر جاتا ہے۔
شیاٹیکا کی وجہ سے آپ کو یہ بھی محسوس ہو سکتا ہے کہ جیسے آپ کی ٹانگوں میں کوئی سوئیاں چبھو رہا ہو۔ خاص طور پر آپ کو یہ تب محسوس ہو گا جب آپ کرسی یا چارپائی پر ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھیں گے۔
بعض اوقات شیاٹیکا کی وجہ سے آپ کی کمر کا نچلا حصہ یا ٹانگیں سُن ہو جاتی ہیں۔ کیا آپ اس کی وجہ جاننا چاہتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ کیوں کہ آپ کی ٹانگوں اور کمر سے دماغ کو سگنلز نہیں پہنچ پاتے جس سے یہ سُن ہو جاتی ہیں۔
شیاٹیکا کی کچھ علامات شدید بھی ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر کئی لوگوں کے اس کی وجہ سے پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں۔ جس سے یہ پٹھے یعنی مسلز مؤثر طریقے سے سگنلز نہیں بھیج پاتے۔
اس کی سب سے آخری اور شدید علامت یہ ہوتی ہے کہ اس کی وجہ سے مریضوں کا اپنے مثانے اور معدے پر کنٹرول کم ہو جاتا ہے۔ یعنی انہیں بار بار پاخانہ یا پیشاب آ سکتا ہے۔ اس کا یہ مطلب ہوتا ہے کہ آپ کے مثانے اور پاخانے کو کنٹرول کرنے والے سگنلز اپنی منزل تک نہیں پہنچ پا رہے۔
شیاٹیکا کا درد، اس کی وجوہات اور علامات پر ہم نے کافی تفصیل سے بات کر لی ہے۔ اب ہم اس کا علاج جان لیتے ہیں کہ کیسے اس سے نجات پائی جا سکتی ہے۔
شیاٹیکا کا علاج
شیاٹیکا کا علاج آپ کو اس بیماری سے نجات پانے میں مدد دے گا۔ اس علاج میں کچھ گھریلو نسخے بھی شامل ہوں گے۔ جب کہ ہم آپ کو ورزشیں بھی بتائیں گے جو اس پر قابو پانے میں مدد دیں گی۔
شیاٹیکا کو کنٹرول کرنے کے لیے آپ کو آپ کا ڈاکٹر سوزش کم کرنے والی ادویات بھی دے سکتا ہے۔ ان ادویات میں آئبو پروفن اور نیپراکس سوڈیم شامل ہو سکتی ہیں۔ آپ نے خود سے ان ادویات کو کبھی استعمال نہیں کرنا۔
بعض اوقات آپ کے لیے فزیکل تھراپی بھی تجویز کی جاتی ہے۔ اس تھراپی کی مدد سے مدد سے آپ کے پوسچر میں تبدیلی لائی جاتی ہے۔ اور فزیو کی جانب سے آپ کو کچھ خاص ورزشوں کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ویب ایم ڈی کے مطابق شیاٹیکا کے کچھ مریضوں کو اسٹیرائڈ انجیکشنز بھی لگائے جاتے ہیں۔ ان انجیکشنز سے اعصاب کے نزدیک سوزش پر قابو پانے میں مدد دی جاتی ہے جس سے درد کم ہو جاتا ہے۔
کچھ لوگوں میں ان میں سے کوئی بھی علاج مؤثر ثابت نہیں ہوتا۔ ان کے لیے پھر سرجری تجویز کی جاتی ہے۔ مریض کو سرجری کا اس وقت کہا جاتا ہے جب وہ کمزوری کا شکار ہو چکا ہو یا پھر اس کا اپنے مثانے پر کنٹرول ختم ہو چکا ہو۔
اب ہم آپ کو شیاٹیکا کا دیسی علاج بتاتے ہیں۔
شیاٹیکا کا دیسی علاج
شیاٹیکا کا دیسی علاج یا گھریلو نسخے آپ کو اس درد پر قابو پانے میں مدد دیں گے۔ کوشش کیجیے کہ کچھ دنوں تک ان پر باقاعدگی کے ساتھ عمل کیا جائے۔
شیاٹیکا کا درد شروع ہونے کی صورت میں آپ دن میں کئی بار آئس بیگ استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آئس بیگ دستیاب نہ ہوں تو پھر آپ صاف تولیے میں برف یا جمی ہوئی سبزیوں کا بیگ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ آیس بیگ آپ کو دن میں کئی بار استعمال کرنا ہو گا۔ اور بیس منٹوں کے لیے اسے متاثرہ جگہوں پر رکھنا ہو گا۔
کچھ دنوں تک تو آپ کو صرف آئس پیک استعمال کرنا ہوں گے۔ لیکن اس کے بعد آپ ہیٹ تھراپی کو بھی آزما سکتے ہیں۔ ہیٹ پیڈ کو بھی آپ نے بیس منٹوں کے لیے استعمال کرنا ہے۔ تاہم اگر درد کو کم کرنے کے لیے صرف ہیٹ پیڈ کافی نہ ہوں تو پھر آپ ساتھ میں آئس پیک بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
شیاٹیکا کے دیسی علاج میں کچھ مریضوں کو یوگا اور ایکو پنکچر کا بھی مشورہ دیا جاتا ہے۔ یہ دونوں طریقہ علاج بھی درد کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مساج تھراپی بھی مریضوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
ان میں سے جو بھی طریقہ آزمائیں۔ یہ کوشش آپ کی جانب سے لازمی ہونی چاہیے کہ اس پر چند دنوں یا ہفتوں تک عمل کیا جائے۔ تا کہ اس سے آسانی کے ساتھ نجات پائی جا سکے۔
شیاٹیکا کی ورزش
شیاٹیکا پین سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ ورزش بھی کر سکتے ہیں۔ اس ورزش کو بنیادی طور پر سٹرچینگ کہا جاتا ہے۔ جس میں آپ نے مختلف پوز بنانے ہوتے ہیں۔ اور پھر کچھ دیر کے لیے ان کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ سٹریچنگ اگر آپ کسی فزیو تھراپسٹ سے سیکھ لیں تو یہ زیادہ فائدہ مند ہو گا۔
شیاٹیکا کا درد سے بچاؤ
شیاٹیکا کے درد سے بچاؤ کے لیے آپ کو کچھ تدابیر پر عمل کرنا ہو گا۔ مثال کے طور پر آپ کو ورزش کی عادت اپنانا ہو گی۔ ورزش کے فوائد سے تو آپ بخوبی واقف ہوں گے۔ خاص طور پر آپ کو وہ والی ورزشیں کرنا ہوں گی جو آپ کی کمر کو مضبوط کریں۔ اس ضمن میں آپ کسی فزیو یا جِم ٹرینر سے بھی رہنمائی لے سکتے ہیں۔
جاب کے دوران کرسی پر بیٹھے ہوئے آپ کو اپنے پوسچر کی جانب توجہ دینا ہو گی۔ آپ نے کبھی بھی غلط پوسچر میں نہیں بیٹھنا۔ کیوں کہ پوسچر کے مسائل کی وجہ سے آپ کو شیاٹیکا جیسی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ اگر آپ کو زیادہ دیر کے لیے کھڑا ہونا پڑے تو اپنی ایک ٹانگ کو تھوڑی دیر کے لیے آرام دے لیں۔ وقفے وقفے سے اس چیز کو دہرائیں۔ اس کے علاوہ وزن اٹھانے کی صورت میں احتیاط کریں۔ امید ہے کہ آپ کو کبھی بھی شیاٹیکا کا درد متاثر نہیں کرے گا۔
شیاٹیکا کا علاج اور اختتام
اس میں بلاگ میں شیاٹیکا کا علاج سمیت اس کی علامات اور وجوہات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ قارئین کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انہیں اس سے بچاؤ کے لیے کون سی حفاظتی تدابیر اپنانی چاہئیں۔ یہ بلاگ پڑھنے کے بعد دوسروں کے ساتھ بھی شئیر کریں تا کہ وہ بھی شیاٹیکا اور اس کے علاج کے متعلق جان سکیں۔ شیاٹیکا کے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات لینے کے لیے آپ کسی بھی وقت ایور ہیلدی کو میل کر سکتے ہیں۔ ہم جلد از جلد آپ کو جواب دینے کی کوشش کریں گے۔
سوالات و جوابات
کیا شیاٹیکا ایک دائمی بیماری ہے؟
نہیں، بالکل بھی نہیں۔ شیاٹیکا ایک دائمی بیماری نہیں ہے۔ بلکہ اس سے آسانی کے ساتھ نجات پائی جا سکتی ہے۔ بعض اوقات اسے صرف ورزش اور معمولی ادویات کے استعمال سے ہی کنٹرول کر لیا جاتا ہے۔ تاہم اگر اس کی جانب بر وقت توجہ نہ دی جائے یا یہ شدت اختیار کر جائے تو پھر مریض کو سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
شیاٹیکا کا دیسی علاج کیا ہے؟
شیاٹیکا کا دیسی علاج یہی ہے کہ آپ آئس او ہیٹ تھراپی استعمال کریں۔ پہلے کچھ دنوں تک آئس تھراپی کی طرف توجہ دیں۔ اور پھر ہیٹ تھراپی استعمال کریں۔ آپ مؤثر نتائج کے لیے ان کو ایک ساتھ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دیسی علاج میں ورزش اور یوگا کے پوزز وغیرہ بھی شامل ہیں۔ یہ تما چیزیں آپ کو شیاٹیکا پین سے نجات پانے میں مدد دیں گی۔
شیاٹیکا کے درد کی وجوہات کیا ہوتی ہیں؟
کافی ساری وجوہات کی بنا پر آپ کو شیاٹیکا کا درد شکار بنا سکتا ہے۔ بعض اوقات ہرنیا کی ڈسکس کے مسائل آپ کو شیاٹیکا کا مریض بنا دیتے ہیں۔ ریڑھ کی ہڈی کی بیماریوں کی وجہ سے بھی آپ کو شیاٹیکا کے درد کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایک طبی معالج ہی یہ بہتر طریقے سے بتا سکتا ہے کہ آپ کو شیاٹیکا کا درد کیوں لاحق ہوا ہے۔ اس لیے اس کے متاثر کرنے کی صورت میں فوری طور پر کسی ڈاکٹر سے رہنمائی لینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
کیا شیاٹیکا سے بچاؤ ممکن ہے؟
جی بالکل۔ شیاٹیکا کے درد سے بچاؤ ممکن ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے نہایت اچھی خبر ہے جو آفسز میں گھنٹوں ایک ہی کرسی پر بیٹھے رہتے ہیں۔ آپ کو بس اپنی روٹین میں تبدیلی لانا ہو گی۔ آپ کو ہر صورت ورزش کرنا ہو گی۔ ہفتے میں کم از کم پانچ بار تو آپ کو ضرور ایکسر سائز کرنا ہو گی۔ اس کے علاوہ اگر آپ اپنے پوسچر کی جانب بھی توجہ دیتے ہیں تو اس سے بھی آپ کو اس درد سے نجات پانے میں مدد مل سکتی ہے۔