سستی کیسے دور کی جائے؟ یہ سوال آپ کو ہر دوسرا شخص پوچھتا ہوا نظر آئے گا۔ سستی کوئی خطرناک طبی علامت تو نہیں ہے، لیکن اس کی وجہ سے روز مرہ کی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ زیادہ تر نوجوان سستی کا شکار ہوتے ہیں۔ اس لیے آج ہم سستی دور کرنے کا طریقہ آپ کو بتانے لگے ہیں۔
لیکن ایک سوال یہاں پر یہ ابھرتا ہے کہ نوجوان ہی کیوں سستی کا شکار ہوتے ہیں۔ بہت سارے ایسے عوامل ہوتے ہیں جو ایک نوجوان کو سستی کی طرف لے جاتے ہیں۔ کئی بار ایسا ممکن ہوتا ہے کہ کچھ طبی مسائل کی وجہ سے آپ کو سستی کا سامنا کرنا پڑے۔ ایسی صورت میں ان مسائل سے نجات پانا ضروری ہوتا ہے۔
لیکن اگر سستی کی وجہ یہ طبی علامات نہیں ہیں، تو پھر زندگی میں چند مثبت تبدیلیاں لا کر بھی سستی سے نجات پائی جا سکتی ہے۔ تو پھر ابھی یہ تبدیلیاں اپنی زندگی میں لائیں اور سستی کو کوسوں دور بھگائیں۔ لیکن پہلے ہم اس کی وجوہات اور علامات کو تفصیل سے جان لیتے ہیں۔
سستی کی وجوہات
جیسا کہ میں لکھ چکا ہوں کہ طبی مسائل کی وجہ سے بھی سستی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فلو اور معدے کے وائرس بھی سستی کی وجہ بنتے ہیں۔ کچھ دوسرے مسائل جیسا کہ پانی کی کمی، بخار، تھائی رائیڈ کی بیماری، اور دماغ کی سوزش بھی سستی کی وجہ بنتی ہے۔
گردوں کا فیل ہونا، نیوٹرنٹس کی کمی، اسٹروک، دماغ کی چوٹ، اور نیند کی کمی بھی سستی کی وجہ بنتی ہے۔ اگر آپ ان وجوہات پر قابو پا لیں گے تو سستی سے نمٹنا آسان ہو جائے گا۔
سستی کی علامات
بہت سارے لوگ کام نہ کرنے کو دل نہ کرنے کو ہی سستی کہتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ سستی کی بہت ساری علامات ہوتی ہیں۔ ان علامات میں موڈ میں تبدیلی، سوچنے کی صلاحیت کا متاثر ہونا، اور کام نہ کرنے کا دل کرنا شامل ہے۔
تھکاوٹ، انرجی لیول میں کمی، اور حرکات میں ایک طرح کی آہستگی بھی سستی کی علامات میں شامل ہے۔ جب ان میں سے کوئی بھی علامت کچھ دنوں کے لیے آپ کو متاثر کرے تو سمجھ جائیں کہ سستی آپ کو اپنا شکار بنا چکی ہے۔
سستی دور کرنے کا طریقہ
جو طریقے ہم یہاں لکھنے لگے ہیں، ان کی مدد سے آسانی کے ساتھ سستی دور کی جا سکتی ہے۔
کیفین کی مقدار میں کمی
اس میں تو کوئی شک نہیں کہ کیفین کے کچھ ذرائع فائدہ مند ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ کافی یا گرین ٹی کے فوائد تو جانتے ہیں۔ لیکن ان سے حاصل ہونے والی کیفین کو اگر زیادہ مقدار میں لے لیا جائے تو سستی لاحق ہو سکتی ہے۔
کیفین کو زیادہ مقدار میں لینے سے آپ کی نیند متاثر ہوتی ہے۔ جو کہ سستی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ جب آپ کیفین لیتے ہیں تو جسم پر اس کے اثرات سات گھنٹوں تک رہ سکتے ہیں۔ سگریٹ، تمباکو، چائے، اور نرجی ڈرنکس کیفین کے دوسرے ذرائع ہیں، جن کا استعمال آپ کو ترک کرنا ہو گا۔
پانی کو زیادہ مقدار میں پئیں
بہت سارے لوگوں کو پانی کم مقدار میں استعمال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی لوگ پھر سستی کی شکایت کرتے ہیں۔ آپ کے جسم کو دن میں کئی گلاس پانی چاہیے ہوتا ہے۔ کئی گلاس اس لیے لکھا ہے کیوں کہ ہر جسم کی پانی کی ضرورت مختلف ہوتی ہے۔
اگر آپ بھی سستی کا سامنا کر رہے ہیں تو پانی کی مقدار میں اضافہ کر دیں۔ ضروری نہیں ہے کہ آپ نے صرف پانی ہی استعمال کرنا ہے۔ آپ دودھ، لسی، اور فریش جوسز بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم آپ نے انرجی یا کولڈ ڈرنکس استعمال نہیں کرنی۔ کیوں کہ یہ نقصان دہ ہوتی ہیں۔
کوشش کیجیے کہ پانی میں سیب کا سرکہ بھی شامل کر لیا جائے۔ یہ سرکہ آپ کو تھکاوٹ سے بچائے گا اور انرجی کے لیول کو برقرار رکھے گا۔ اس سے آپ کو سستی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ سیب کے سرکے سے اور بھی بہت سے فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
نیند پوری کریں
سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آدمی کو کتنی نیند لینی چاہیے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ ہر آدمی کی نیند لینے کی ضرورت مختلف ہوتی ہے۔ نیشنل لائبریری آف میڈیسن میں اس ضمن میں بہت دل چسپ تحقیق شائع ہوئی تھی۔ اس تحقیق کے مطابق صبح اٹھنے پر اگر آپ کوئی تھکاوٹ یا سستی محسوس نہ کریں تو سمجھ جائیں کہ آپ کی نیند کی مقدار پوری ہے۔
تاہم کچھ طبی ماہرین یہ رائے رکھتے ہیں کہ ہر شخص کو کم از کم سات گھنٹے کی نیند لینی چاہیے۔ اور اس نیند کے دوران کسی بھی قسم کی ڈسٹربنس نہیں ہونی چاہیے۔ پرسکون نیند ہی سستی دور کرنے کا طریقہ ہے۔
نیوٹرنٹس سے بھرپور غذائیں
جب آپ کے جسم میں نیوٹرنٹس، منرلز، اور وٹامنز کی کمی واقع ہوتی ہے تو آپ سست ہو جاتے ہیں۔ اس سستی کا واحد علاج یہی ہوتا ہے کہ نیوٹرنٹس والی غذائیں استعمال کی جائیں۔
کوشش کیجیے کہ آپ ہر روز متناسب مقدار میں خشک میوہ جات، پھل، گوشت، اور بیج جیسا کہ چیا سیڈ استعمال کر رہے ہیں۔ چیا سیڈ کے فوائد کافی ہوتے ہیں اور یہ آپ کو نیوٹرنٹس بھی فراہم کرتے ہیں۔ خشک میوہ جات اور پھل بھی روٹین میں شامل کرنے سے سستی کا علاج کیا جا سکتا ہے۔
ذہنی دباؤ کم کریں
ذہنی دباؤ کم کرنے کو بھی سستی اور کاہلی کا علاج سمجھا جاتا ہے۔ اگر آپ کو ڈپریشن، اضطراب، یا ذہنی دباؤ کا سامنا ہے تو تو اس سے آپ کو سستی لاحق ہو سکتی ہے۔ اس صورت میں ذہنی دباؤ کا خاتمہ ہی سستی کا علاج ہوتا ہے۔
ذہنی دباؤ کو آپ مختلف طریقوں کی مدد سے کم کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور آپ کتاب پڑھ سکتے ہیں۔ اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کوئی اچھی فلم یا ڈرامہ بھی دیکھ سکتے ہیں۔
ہر روز ورزش کریں
ورزش کے فوائد سے تو سبھی واقف ہوتے ہیں۔ لیکن اس کو اپنی روٹین میں شامل کرنا قدرے مشکل ہوتا ہے۔ کیوں کہ وقت کی قلت کئی مرتبہ آپ کو ایسا نہیں کرنے دیتی۔ سستی کی وجہ سے آپ ورزش نہیں کر پاتے۔ اور ورزش نہ کرنے کی وجہ سے آپ سستی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ہے نا یہ تعلق دلچسپ۔
سستی دور کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ورزش کی عادت اپنائیں۔ صبح یا شام کو کم از کم ایک گھنٹہ ورزش کے لیے ضرور مختص کریں۔ امید ہے کہ آپ چند ہی دنوں میں سستی پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
سستی کے نقصانات
سستی کی وجہ سے بہت سارے نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مثال کے طور اس کی وجہ سے آپ روز مرہ کے کام سر انجام نہیں دے پاتے۔ جس کی وجہ سے آپ کو معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ سستی آپ کی روٹین کو بھی متاثر کرتی ہے۔
آپ کی ورزش کرنے کی عادت متاثر ہو سکتی ہے۔ جس سے سستی مزید بڑھ جاتی ہے۔ سستی کے نقصانات کسی فرد میں زیادہ بھی ہو سکتے ہیں۔ کیوں کہ اس کی شدت مختلف ہوتی ہے۔
کچھ آخری الفاظ
اس بلاگ میں سستی دور کرنے کا طریقہ تفصیل سے لکھ دیا گیا ہے۔ اس طریقے پر عمل کرنا اب آپ کی ذمہ داری ہے۔ تو انتظار کس بات کا۔ ابھی ان کو اپنائیں اور سستی کو دور بھگائیں۔